لکھنؤ،14؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اقتدار کے نشے میں چور بی جے پی کے لیڈرز لااینڈ آرڈر کا ٹھینگا دکھاتے ہوئے غریبوں اور دلتوں پر اپنی غنڈہ گردی کا دھونس جمارہے ہیں۔
اتوار کو جاری ایک بیان میں یادو نے کہا کہ محکموں سے لے کر وزرا کے دفاتر تک بدعنوانی کا کھیل جاری ہے۔ نوکریوں میں بھرتی ، ٹنڈر عمل ، محکمہ جاتی ترقیوں کے معاملوں میں ہر روز شکایتیں سامنے آرہی ہیں۔ غیر قانونی کانکنی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔سرکار کے رویہ سے ناراض بی جے پی کے کئی رکن اسمبلی و پارلیمنٹ بھی اب اپنی حکومت کے خلاف آواز اٹھانا شروع کردیا ہے۔ جب بی جے پی حکومت میں اس کے لیڈروں کی بات نہیں سنی جارہی ہے تو پھر عام لوگوں کی کیا سنی جائے گی۔ عام چرچا یہ ہے کہ بی جے پی حکومت میں صرف صنعتکاروں کی ہی آوازیں سنی جارہی ہیں ۔ افسران وزیر اعلیٰ کو فائلوں میں ’آل از ویل‘ کی پٹی ڈال کر گمراہ کر نے کا کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھانسی صدر کے بی جے پی ممبران اسمبلی بیتوا ندی میں غیر قانونی کانکنی سے ناراض ہیں۔ حکومت اورکانکن مافیا سے ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ کیا وزیر اعلی ان الزامات کی تحقیقات کریں گے۔کین ندی میں بھی ناجائز کانکنی کی شکایتیں مل رہی ہیں۔ سون بھدرہ سے لیکھیم پور کھیری تک کانکن مافیا سرگرم ہیں ۔ مہوبہ میں بی جے پی کے ایم ایل اے کے رشتہ دار کے پتھر کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 3 مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ان مزدوروں کے پاس نہ تو انشورنس تھا اور نہ ہی کوئی حفاظتی سامان تھے۔
اعظم گڑھ کے اوبار پور گاؤں میں بی جے پی ضلعی صدر کے بیٹوں نے دلت مزدوروں کو بری طرح پیٹا۔ کوشامبی کے سیراتھو علاقے کے بی جے پی ایم ایل اے کے ذریعہ گاؤں والوں کو جو راشن کٹ تقسیم کیاگیا اس میں رکھے آٹے میں کیڑے پائے گئے۔ متاثرین کو امدادی سامان فراہم کرنے کے نام پر مودی یوگی کی تصاویر پر والے پیکٹ تقسیم کیے جارہے ہیں ، جنہیں رضا کارتنظیموں کے راحت سامانوں کو بی جے پی۔آر ایس ایس والے اپنا بتاکر تقسیم کررہے ہیں۔